حیدرآباد۔7اگسٹ (سیا ست نیوز) شہر میں کچہرے کی نکاسی کیلئے چلائے جانے والے سوچھ آٹو ٹرالیوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدو د میں گھروں سے کچہرا حاصل کرتے ہوئے ڈمپنگ یارڈ تک پہنچانے کیلئے جی ایچ ایم سی نے 2000 آٹو ٹرالیوں کا آغاز کیا اور ان کی کامیاب خدمات کے بعد اب ان میں مزید 500آٹو ٹرالیوں کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آئندہ ماہ ان کی خدمات کا آغاز کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے شروع کردہ سوچھ آٹو خدمات کے آغاز کے بعد سے کچہرے کی راست منتقلی کے عمل میں بہتری پیدا ہوئی ہے اور شہر کے بیشتر مقامات سے کچہرا راست منتقل کیا جانے لگا ہے لیکن اس کے باوجود کچہرا دانوں میں کچہرا جمع ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیںا ور رہائشی علاقو ںمیں موجود ان کچہرا دانوں سے کچہرے کی منتقلی کیلئے بھی نئی گاڑیوں کے استعمال کے متعلق غور کیا جا رہا ہے تاکہ صفائی کے عمل کی تکمیل کے فوری بعد شہر کے ڈمپنگ یارڈ کو کچہرے کی منتقلی کا عمل انجام دیا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے شہر میں کچہرے کی منتقلی کے اوقات مقرر کرنے کے سلسلہ میں بھی عہدیداروں سے مشاورت کی ہے اور شہر کی سڑکوں پر معینہ اوقات میں ہی کچہرے کی گاڑیوں کو گذرنے دینے کے لئے تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر میں موجود ڈمپنگ یارڈ سے زیدہ مقدار میں کچہرے کی منتقلی رات کے اوقات میں ہوا کرتی ہے اسی طرز پر ڈمپنگ یارڈ کو بھی کچہرا رات کے اوقات میں پہنچانے کے اقدامات کے متعلق غور کیا جا رہا ہے اور ان آٹو ٹرالیوں کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ان آٹو ٹرالیوں کی ڈمپنگ یارڈ پہنچنے اور ان کے نکلنے کے اوقات کار ریکارڈ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے لئے حوالہ کردہ ان سوچھ آٹو ٹرالیوں کے قریبی اضلاع میں نظر آنے پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلہ میں سخت ہدایات جاری کی گئی تھیں لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں سے ان آٹو ٹرالیوں کے غلط و خانگی مقاصد کیلئے استعمال کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں کے مطابق ان شکایات کو دور کرنے میں بھی اوقات کار کے اندراج اور معینہ وقت کے دوران کچہرے کی منتقلی کو قطعیت دینے سے فائدہ ہوگا اور ان سوچھ آٹو ٹرالیوں کے غلط استعمال پر بھی کافی کنٹرول ہوگا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شہرحیدرآباد میں 500سوچھ آٹو ٹرالیوں کے اضافہ کے بعد صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کی ہدایات دی جائیں گی اور بلدیہ کے منصوبہ سے صفائی عملہ کو واقف کرواتے ہوئے اس پر سختی سے کاربند رہنے کی تاکید کی جائے گی۔