حیدرآباد ۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے جاریہ تعلیمی سال میں سوپر اسپیشالیٹی کورسیس میں داخلہ حاصل کر کے کسی وجوہات سے تعلیم کو منقطع کرنے کی صورت میں انہیں بطور جرمانہ رقم اداکرنے کی شرط عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے کہا کہ ایسے طلبا جنہوں نے جاریہ تعلیمی سال کے دوران کسی سوپر اسپیشالیٹی میڈیکل کورس میں داخلہ لینے کے بعدکسی وجوہات کی بنیاد پر تعلیم کو ترک کر دینے کی صورت میں انہیں پانچ لاکھ روپئے ادا کرنے کا بانڈ پیپر تحریرکر کے داخل کرنا ہوگا ۔ اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ نے باقاعدہ طور پر احکامات جاری کئے ۔ ان احکامات میں بتایا گیا کہ سوپر اسپیشالٹیز کورس کی تعلیم درمیان میں ہی ترک کرنے کی صورت میں حکومت کی جانب سے حاصل کردہ اسٹائیفنڈ کی رقم کو بھی واپس کرنا ضروری ہوگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ جاریہ نئے تعلیمی سال سے ان احکامات پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائیگی۔