مسلسل گراوٹ ، عالمی مارکٹ میں بھی منفی رجحان
نئی دہلی ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سونے کی قیمت میں مسلسل چوتھے دن بھی گراوٹ دیکھی گئی اور آج 40 روپئے کی مزید کمی واقع ہوئی۔ اس کے ساتھ سونا 25 ہزار روپئے فی تولہ سے بھی کم ہوگیا ہے۔ داخلی صرافہ بازار میں 24,980 روپئے فی 10 گرام قیمت 4 سال کے دوران اب تک کی سب سے کم قیمت ہے۔ یہی نہیں بلکہ عالمی مارکٹ میں بھی اس کی قیمت 5 سال میں اب تک کی سب سے کم سطح تک پہنچ گئی۔ سونے کے خریدار قیمت میں مزید گراوٹ کی امید لئے فی الحال خریدی سے گریز کررہے ہیں۔ اس طرح دکانداروں کی طلب میں بھی کمی واقع ہوئی اور مجموعی طور پر اس قیمتی دھات کی قیمت میں گراوٹ ہوئی ہے۔ دوسری طرف چاندی کی قیمت میں نسبتاً بہتری اور کسی قدر اضافہ درج کیا گیا۔ صنعتی شعبہ میں چاندی کی طلب بڑھ جانے کے سبب آج 100 روپئے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 33,800 روپئے فی کیلو رہی۔ صرافہ بازار کے تاجرین کا کہنا ہیکہ اس وقت سونے کی خریداری کا رجحان کم ہوگیا ہے اور عالمی مارکٹ میں 5 سال میں اب تک کی نمایاں کمی کی وجہ یہ اندیشے بڑھ رہے ہیں کہ امریکی فیڈرل ریزرو آئندہ چند ماہ کے دوران شرح میں اضافہ کرسکتا ہے۔