نئی دہلی30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دیسی طلب کے معمول کے مطابق رہنے کے باوجود دنیا کی دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کے مضبوط ہونے سے بین الاقوامی سطح پر گراوٹ کے دباؤ میں آج دہلی صرافہ مارکیٹ میں سونا 300 روپے گھٹ کر 29,250 روپے فی دس گرام پر ہوگیا۔ تاہم، صنعتی طلب برقرار رہنے سے چاندی میں 50 روپے کی اضافی چمک نظر آئی اور یہ 42,300 روپے فی کلو گرام پر پہنچ گئی۔ مارکیٹ کے تجزیہ کاروں نے بتایا کہ امریکہ کے مثبت اقتصادی اعداد و شمار کی وجہ سے فیڈرل ریزرو کی طرف سے آئندہ جون میں سود کی شرح میں اضافہ کرنے کا امکان بڑھ گیا ہے جس سے ڈالر کو مضبوطی ملی ہے ۔ ڈالر کے چڑھنے سے سونے کی قیمتیں گر جاتی ہیں۔ تاہم، یورپی یونین سے برطانیہ کے الگ ہونے اور فرانس کے آئندہ انتخابات کے پیش نظر سونے کی قیمتوں کو ہلکی تقویت ملی اور ان میں سے زیادہ گراوٹ نہیں آ پائی۔
کسانوں کی خود کشی ‘ لوک سبھا میں اپوزیشن ۔حکومت نوک جھونک
نئی دہلی30مارچ (سیاست ڈاٹ کام)قرض میں ڈوبے کسانوں کی بدحالی اور خودکشی کے مسئلے پر آج لوک سبھا میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جم کر نوک جھونک ہوئی۔کانگریس کے جیوتر آدتیہ سندھیا نے وقفہ صفر کے دوران ٹاملناڈو کے کسانوں کی بدحالی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے جہاں حکومت پر صرف ٹاملناڈو ہی نہیں، بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی قرض سے پریشان کسانوں کی خودکشی سے بے خبر رہنے کا الزام لگایا تو وزیر زراعت رادھاموھن سنگھ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی حالت بہتر بنانے کئی اقدامات کئے ہیں۔ آئندہ بھی کوئی کسر نہیں رکھی جائے گی۔مسٹر سندھیا نے دہلی میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے ٹاملناڈو کسانوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ریاست میں اس بار 62 فیصد بارش میں کمی تھی جس کی وجہ سے خوفناک خشک سالی ہے ۔