مزید گراوٹ کا امکان، ہندوستان میں سونے کی طلب میں کمی کا ادعا، ماہرین کا خیال
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) سونے جیسی قیمتی تصور کی جانے والی دھات کی قیمت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے اور آج سونے کی قیمت میں جو گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے وہ گزشتہ 4 سال میں پہلی مرتبہ ہے۔ صرافہ بازار کے مطابق سونے کی قیمت 25 ہزار روپئے تک پہونچ چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ ماہرین معاشیات کے بموجب سونے کی قیمت میں گراوٹ کی مختلف وجوہات ہیں جس میں عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ بھی شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے شرح سود میں کئے گئے اضافہ کے سبب ڈالر کی قیمت میں آرہے استحکام کے نتیجہ میں سونے کی قیمت میں بھاری گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں عدم استحکام کی صورتحال دیکھی گئی تھی جس کی وجہ سے امریکہ کی معاشی پالیسیوں میں لائی گئی تبدیلیوں کا اثر تصور کیا جارہا ہے۔ عالمی صرافہ بازار میں ماہرین کا ماننا یہ ہے کہ عالمی سطح پر آرہی سیاسی و معاشی تبدیلیوں کے اثرات اس قیمتی دھات پر مرتب ہونے لگے ہیں۔ یونان میں معاشی ایمرجنسی اور ایران نیوکلیر معاہدہ کے اثرات بھی کروڑہا روپئے کی تجارت پر اثرانداز ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سونے کی قیمت میں گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ماہرین کے بموجب ہندوستان میں سونے کی طلب میں بھی کمی واقع ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ مانسون کی وقت پر عدم آمد تصور کی جارہی ہے۔