سونیا گاندھی کے خلاف کے ٹی آر کے نازیبا ریمارکس کے خلاف احتجاج

گاندھی بھون تا پرگتی بھون ریالی کی کوشش ، کیشو چند یادو ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، انیل یادو گرفتار و رہا
حیدرآباد ۔9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : یوتھ کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان لفظی جھڑپ ہوگئی ۔ سونیا گاندھی کے خلاف کے ٹی آر کے نازیبا ریمارکس اور بھارت بچاؤ اندولن پروگرام میں پولیس کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کرنے کے خلاف یوتھ کانگریس قائدین نے پرگتی بھون کا گھیراؤ کرنے کے لیے گاندھی بھون سے ریالی میں نکلنے کی کوشش کی ۔ پولیس نے آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر کیشو چند یادو ، کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ سینکڑوں کانگریس و یوتھ کانگریس قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے گوشہ محل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے گاندھی بھون میں بھارت بچاؤ اندولن کا اہتمام کیا ۔ اس پروگرام میں یوتھ کانگریس قائدین کی بھاری تعداد میں شرکت پر پولیس نے رکاوٹیں پیدا کی ۔ یہاں تک کہ پرانے شہر سے گاندھی بھون تک پولیس نے یوتھ کانگریس قائدین کو ریالی نکالنے کی اجازت بھی نہیں دی جس کے خلاف یوتھ کانگریس قائدین میں ناراضگی پائی جاتی تھی ۔ جیسے ہی وہ پرگتی بھون کا گھیراؤ کرنے کے لیے گاندھی بھون سے باہر نکلے پولیس نے انہیں روک لیا ۔ جس پر پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان لفظی جھڑپ ہوگئی اور پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے احتجاجی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی انیل کمار یادو نے پولیس کی کارروائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کانگریس کے قائدین پرامن اندولن کررہے تھے ۔ مگر پولیس نے جگہ جگہ رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے احتجاج کے جمہوری حقوق سے استفادہ کرنے کی یوتھ کانگریس قائدین کو اجازت نہیں دی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر من مانی کرتے ہوئے تلنگانہ کو جنگل راج میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ان کے فرزند ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کررہے ہیں جس کی یوتھ کانگریس سخت مذمت کرتی ہے ۔ اس احتجاجی دھرنے میں صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، کانگریس کے قائد محمد امتیاز کے علاوہ یوتھ کانگریس جس کے سینکڑوں قائدین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں ۔ اقتدار کسی کے پاس بھی مستقل نہیں رہتا ۔ آج ٹی آر ایس کے پاس ہے کل کانگریس کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے جب بھی ریاست میں انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ گوشہ محل پولیس اسٹیشن پہونچ کر پولیس سے بات چیت کرتے ہوئے گرفتار شدہ قائدین کو رہا کرایا ۔۔