پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کا دن بھی یومِ سیاہ تھا: جے سی دیواکر ریڈی
حیدرآباد /5 اگست (سیاست نیوز) تلگودیشم رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس دن پارلیمنٹ میں علحدہ تلنگانہ ریاست کا بل منظور کیا گیا تھا، وہ دن بھی یوم سیاہ تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سے کانگریس کے 25 ارکان کی معطلی کو سونیا گاندھی نے یوم سیاہ سے تعبیر کیا ہے، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ مسز گاندھی کو یوم سیاہ کے بارے میں بات کرنے کا اخلاقی حق نہیں ہے، کیونکہ منتخب عوامی نمائندوں کی مخالفت کے باوجود مسز گاندھی نے پارلیمنٹ کے دروازے بند کرکے علحدہ تلنگانہ ریاست کا بل منظور کیا تھا۔ اس دن پارلیمنٹ کا یوم سیاہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور سونیا گاندھی کی غلطی کی وجہ سے آندھرا پردیش سے کانگریس کا صفایا ہو گیا اور کانگریس پر سے عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس قائدین بہت جلد اپنے سیاسی مستقبل پر غور کرتے ہوئے دیگر جماعتوں میں شامل ہو جائیں گے اور آندھرا پردیش سے کانگریس کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی 100 سالہ تاریخ ہے، کانگریس نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، لیکن سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس اپوزیشن کا موقف حاصل کرنے میں بھی ناکام ہو گئی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مسز گاندھی کے فیصلہ کے خلاف ملک کے عوام نے کانگریس کو سبق سکھایا ہے۔