حیدرآباد /26 دسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ سونیا گاندھی کے خلاف تنقیدیں کرنے والے کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کردی گئی ہے۔ آج دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ جنوری میں وشاکھا پٹنم کے علاوہ سیما۔ آندھرا کے دیگر اضلاع کا دورہ کریں گے۔ ان کے دورہ کے خلاف دھمکیوں کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں کبھی ڈر اور خوف کو غالب نہیں ہونے دیا اور نہ ہی وہ ایسی دھمکیوں سے ڈرنے والے ہیں۔ انھوں نے جے سی دیواکر ریڈی کے خلاف وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ان کے جواب کا انتظار ہے، جیسے ہی جواب وصول ہوگا، اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے کبھی پارٹی صدر سونیا گاندھی کے خلاف تنقید نہیں کی، صرف سیما۔ آندھرا کے مسائل پیش کئے ہیں۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے بھی کبھی صدر کانگریس کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔ اگر کسی نے بنایا ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے، تاکہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے لئے بہت جلد علاقائی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ مسئلہ کو جب کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کیا گیا تھا تو سیما۔ آندھرا کے کسی قائد نے مخالفت نہیں کی تھی۔ تمام جماعتوں نے تلنگانہ کا وعدہ کیا یا اس کی تائید کی، جس کے بعد کانگریس نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا اور اب اس فیصلہ پر اٹل ہے۔ انھوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے عمل کا قوی امکان ہے۔