نئی دہلی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج لودھی ایسٹیٹ میں واقع مرکزی وزیر ششی تھرور کی رہائش گاہ پہونچ کر ان کی بیوی سنندا پشکر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ سونیا گاندھی نے وہاں تقریباً 6 تا 7 منٹ گزارے ۔ ششی تھرور کی رہائش گاہ پہونچنے والے دیگر سرکردہ قائدین میں وزیر دفاع اے کے انٹونی ‘ سمندر پار ہندوستانیوں کے امور کے وزیر ویلارروی اور دہلی کی سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں کانگریس قائدین امبیکا سونی ‘ احمد پٹیل ‘ مکل واسمک ‘ راجیو شکلا اور اشونی کمار نے بھی تھرور کی رہائشگاہ پہونچکر تعزیت کا اظہار کیا ۔
مشکل گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ‘ ششی تھرور کو منموہن سنگھ کا مکتوب
نئی دہلی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ نے مرکزی وزیر ششی تھرور سے ان کی بیوی سنندا پشکر کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے گزشتہ شب سنندا کی موت کے فوری بعد تھرور سے ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی ۔ بعد ازاں اپنے کابینی رفیق کے نام تعزیتی مکتوب روانہ کیا ۔ جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’ مجھے گہرے رنج و غم کے ساتھ آپ کے صدمہ کا علم ہوا ہے ۔ میرے ایک ساتھی کا صدمہ انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ بلاشبہ یہ ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ لیکن میں چاہتا ہوں کہ آپ کو اس بات کا علم ہوجائے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ۔ خدا آپ کو اس دشوار گزار وقت سے برآنے کیلئے طاقت و حوصلہ عطا کرے ۔