حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا ۔ مسٹر فاروق حسین نے کہا کہ آج کا دن تاریخ کے سنہرے پنوں میں تحریر کیا جائے گا ۔ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا عوام سے وعدہ کیا اور آج اس کو پورا کیا ۔ تلنگانہ کی تائید کرنے والی تلگو دیشم ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے لمحے آخر میں تائید سے دستبردار ہوگئے ۔ بی جے پی بھی دوہرا معیار اختیار کرتے ہوئے بہانہ بازی شروع کردی تھی ۔ تاہم کانگریس پارٹی اپنے وعدے پر برقرار رہی پارٹی میں شروع ہوئی مخالفتوں اور استعفوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے وعدے کو پارلیمنٹ میں بل پیش کرتے ہوئے منظور کردیا ۔
تلنگانہ کے عوام جشن منائیں ۔ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرے ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ تلنگانہ کی نصف صدی کی تحریک ثمر آور ہوئی ہے ۔ اب ہمیں علحدہ تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ د ینے کی ضرورت ہے ۔ متحدہ آندھرا میں علاقہ تلنگانہ سے جو بھی نا انصافیاں اور حق تلفیاں ہوئی ہیں ان سب کو دور کرتے ہوئے تلنگانہ کو سارے ملک میں ترقی یافتہ ریاست بنانے کی ضرورت ہے ۔ اس کے لیے سب کو مل جلکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی آج جیت ہوئی ہے ۔ کانگریس پارٹی اور سونیا گاندھی نے وعدوں پر اٹل رہنے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ ہونے کا ایک اور ثبوت پیش کیا ہے ۔۔