سونیا گاندھی متفقہ طور پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر منتخب

چیلنجس سے نمٹنے کا عہد ، ارکان کو پست حوصلہ ہوئے بغیر تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنے کا مشورہ
نئی دہلی۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) سونیا گاندھی کو آج کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا۔ پارلیمنٹ کے سنٹر ہال میں ہفتہ کو منعقدہ کانگریس کیلئے منتخب ارکان پارلیمنٹ نے انہیں متفقہ طور پر قائد منتخب کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کاہ کہ پارٹی کو مستحکم بنانے کیلئے مختلف فیصلہ کن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی سربراہ منتخب ہونے کے بعد سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ پست حوصلہ نہ ہوں بلکہ موثر اپوزیشن کا رول ادا کریں۔ علاوہ ازیں راجیہ سبھا ہم خیال جماعتوں کے ساتھ بہتر تعاون و رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ ان کی طرف سے پارلیمنٹ میں اٹھائے جانے والے مسائل و موضوعات عوام اور پارٹی کارکنوں کے ذہنوں کی عکاسی کریں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ حکومت کے اصلاحی اقدامات کی تائید میں ان کے پارٹی یقیناً تعمیری کردار ادا کرے گی لیکن اس (حکومت) کے انتشار پسند و ظالمانہ اقدامات کی مخالفت کی جائے گی۔ سونیا گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے حق میں ووٹ دینے والے 12.3 کروڑ عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کانگریس کے صدر کی حیثیت سے راہول گاندھی کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ راہول گاندھی نے ان انتخابات میں انتھک طوفانی مہم چلائی۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس کے تمام 52 نومنتخب ارکان لوک سبھا کے علاوہ راجیہ سبھا کے ارکان، کانگریس ورکنگ، کمیٹی کے ارکان اور دیگر کئی سینئر قائدین نے شرکت کی۔ سونیا گاندھی نے جو لوک سبھا میں اترپردیش کے حلقہ رائے بریلی کی نمائندگی کرتی ہیں۔ کانگریس کے زیرقیادت یونائٹیڈ پروگریسیو الائینس (یو پی اے) کی صدرنشین بھی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کانگریس پارلیمانی پارٹی نے سونیا گاندھی کو لوک سبھا میں اپنی پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کا اختیار دیا ہے۔ سونیا گاندھی نے اجلاس سے خطاب کے دوران پارٹی میں مختلف سطحوں پر بڑے پیمانے پر ردوبدل کا اشارہ دیتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین سے کہا کہ ’بحران کی اس گھڑی میں ہمیں کانگریس کو درپیش مختلف چیلنجوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس چند دن قبل منعقد ہوا تھا جس میں آئندہ کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی کو مستحکم بنانے مختلف فیصلہ کن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی پارٹی کی صدارت سے اپنے استعفے پر اصرار کررہے ہیں لیکن اعلیٰ قیادت نے ان کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت پر بدستور برقرار رہنے کی ہدایت کی ہے۔