تلگو دیشم اور وائی ایس آر سی پی کا صفایا بھی کیا جائے : پونم پربھاکر ایم پی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر نے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرنے کے لیے سارے علاقے تلنگانہ میں جلسے ریالیاں منظم کرتے ہوئے جشن منانے کا کانگریس قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ لمحہ آخر تک تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا علاقہ تلنگانہ میں صفایا کردینے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ مسئلہ پر دوہرا رول ادا کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعزاز صرف کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی کو حاصل ہے جب کہ بی جے پی نے بھی دوہرا رول ادا کیا ہے ۔ صرف سشما سوراج نے غیر مشروط لوک سبھا میں تلنگانہ بل کی تائید کی جیسے ہی بل راجیہ سبھا پہونچا وینکیا نائیڈو ترمیمات کے بہانے تلنگانہ بل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ اڈوانی نے صرف علی الحساب بجٹ کے کوئی بل منظور نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ راجیہ سبھا میں ترمیمات پیش کرتے ہوئے بی جے پی نے سیما آندھرا کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کی کوشش کی ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کے لیے لمحے آخر تک کوشش کی ہے ۔
دہلی کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف جماعتوں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کے لیے نمائندگی کی ہے ۔ یہاں تک کے بل کو روکنے پر بی جے پی سے اتحاد کرنے کا بھی پیشکش کیا ۔ تلنگانہ کے تلگو دیشم قائدین تماشہ دیکھتے رہے ۔ پی کیشو سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے انہیں روکا نہیں گیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ مسٹر جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کے لیے کوئی بھی کسر باقی نہیں رکھی ۔ یہاں تک کہ وہ بھی بی جے پی سے رجوع ہو کر اتحاد کرنے کے لیے راضی ہوگئے ۔ سیما آندھرا میں سونیا گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنانے والی جماعتوں کو علاقہ تلنگانہ میں سبق سکھانے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تلنگانہ قائدین کی جانب سے آج جگن موہن ریڈی سے ملاقات پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب علاقہ تلنگانہ میں مخالف تلنگانہ کہلائیں گے ۔ مسٹر پونم پربھاکر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے جان کی قربانیاں دینے والے نوجوانوں کے ارکان خاندان سے مکمل انصاف کرنے کا اعلان کیا ۔۔