حیدرآباد۔ 16 مارچ (آئی این این) تلنگانہ کانگریس کیمپین کمیٹی چیرمین دامودر راج نرسمہا نے آج بتایا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی علاقہ تلنگانہ میں چار عام جلسوں سے مخاطب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان جلسوں کی تواریخ اور مقامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ایک جلسہ حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے جس میں علاقہ تلنگانہ کو علیحدہ ریاست بنانے پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا جائے گا۔ راج نرسمہا نے صدر ٹی آر ایس، کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس پارٹی میں انضمام یا اس کے ساتھ اتحاد پر بار بار ان کے بیانات تبدیل کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔