حیدرآباد 30 ڈسمبر ( این ایس ایس ) صدر پردیش کانگریس مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے آج تلگودیشم سربراہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کرپشن کو فروغ دیا اور اس کا پیٹنٹ کروالیا تھا ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے نائیڈو پر یو پی اے صدر نشین سونیا گاندھی اور ان کے داماد رابرٹ واڈرا کے خلاف ریمارکس پر شدید تنقید کی ۔ نائیڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ سونیا گاندھی اور ان کے داماد بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ بوتسہ ستیہ نارائنا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو خود کرپشن میں ملوث ہیں اور پاکدامنی کا ان کا ادعا بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ایک حلقے اور کچھ سیاستدانوں کی تائید کے باوجود صدر تلگودیشم اب دوبارہ چیف منسٹر نہیں بن سکیں گے کیونکہ عوام ان پر اعتماد کھوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں لوک پال بل کی منظوری کرپشن کا خاتمہ کرنے یو پی اے حکومت کے عزم کا اظہار کرتی ہے ۔
یہ اعلان کرتے ہوئے کہ وہ خود ( بوتسہ ) کسی بھی طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں اور ان تحقیقات پر عدالتوں سے حکم التوا حاصل نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو نے مقدمات اور تحقیقات سے گھبرا کر عدالت کا راستہ اختیار کیا اور سی بی آئی تحقیقات کے خلاف حکم التوا حاصل کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ ان کی دولت معمولی دو ایکڑ زمین سے دو ہزار کروڑ روپئے کے اثاثہ جات تک کس طرح پہونچی ہے ۔ تلگودیشم سربرا ہپر انہوں نے سیاست اور کاروبار سے پیسہ بٹورنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مسٹر نائیڈو بی سی طبقات کو 100 نشستیں فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کرسکے ۔ مسٹر ستیہ نارائینا نے کہا کہ وہ اپنے اثاثہ جات کا 3 جنوری کو اسمبلی میں اعلان کرینگے ۔
چونکہ کچھ وزرا اور دوسرے قائدین بھی اپنے اثاثہ جات کا اعلان کرچکے ہیں اس لئے وہ بھی ایسا کرینگے ۔ کانگریس رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی کی جانب سے کانگریس میں نہ رہنے کے اعلان سے متعلق استفسار پر انہوں نے کہا کہ وہ اس اعلان سے خوش ہیں اور پارٹی چھوڑنے کے خواہشمند کسی کو بھی روکنے سے گریز کرینگے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریاستی حکومت محکمہ ٹرانسپورٹ میں کسی طرح کی بدعنوانیوں کی اطلاعات ملنے پر سخت گیر کارروائی کریگی ۔ مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا وزیر ٹرانسپورٹ بھی ہیں۔ جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی کہ آر ٹی سی کے ٹکٹس کھلی مارکٹ میں بلیک ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ فوری طور پر رکتا نہیں ہے تو حکومت کی جانب سے سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔