سونیا اور راہول گاندھی کا بہت جلد دورہ آندھرا پردیش

حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی بہت جلد تلنگانہ اور سیما آندھرا کا دورہ کریں گے اور جلد از جلد دو ریاستوں کے لیے علحدہ علحدہ پردیش کانگریس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس کو کانگریس میں شامل کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزراء نے آج صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے ۔ اس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اقلیتی بہبود مسٹر محمد احمد اللہ کے علاوہ دوسرے وزراء موجود تھے ۔

مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے معاملے میں وعدے کو نبھایا ہے ۔ سوائے حیدرآباد کو مرکز کا زیر انتظام علاقہ بنانے کے سیما آندھرا کے قائدین نے جو بھی مطالبات کئے ہیں اس کو قبول کیا گیا ہے ۔ سیما آندھرا کو 5 سال کے لیے جہاں خصوصی درجہ دیا گیا ہے وہیں 10 سال تک ٹیکس سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے دونوں علاقوں کے کانگریس قائدین کو اپنی اپنی ریاست کی ترقی کے لیے ایک دسرے سے مسابقت کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بہت جلد تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے اعلامیہ جاری ہونے کا ادعا کیا ۔ ٹی آر ایس کی کانگریس میں انضمام کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس نے کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نائب صدر راہول گاندھی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر اظہار تشکر کیا ۔

ملاقات میں سیاسی مسائل اور انضمام کے تعلق سے بات چیت بھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا کے لیے علحدہ علحدہ پردیش کانگریس کمیٹیاں ، انتخابی کمیٹیاں اور انتخابی منشور کمیٹیاں تشکیل دینے کے لیے مشاورت کی جارہی ہے ۔ جس کا بہت جلد فیصلہ ہوجائے گا ۔ آئندہ ماہ مارچ میں صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی ، نائب صدر راہول گاندھی ، وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ تلنگانہ اور سیما آندھرا میں کانگریس کی جانب سے اہتمام کردہ جلسوں میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے پسماندہ اضلاع کے لیے خصوصی پیاکیج دیا جائے گا ۔۔