سونیا اور راہول قائد اپوزیشن بننے تیار نہیں

نئی دہلی ۔ 19 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی بدترین شکست کے بعد صدر پارٹی سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سمجھا جاتا ہے کہ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کا عہدہ سنبھالنے کیلئے تیار نہیں ، ایسی صورت میں پارٹی کے سینئر ترین رکن پارلیمنٹ کمل ناتھ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ وہ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن اُس وقت بن سکتے ہیں جب اسپیکر قواعد میں نرمی یا پھر سارے یو پی اے کو ایک بلاک تصور کریں، جس کے ارکان کی تعداد 56 ہے ۔ کانگریس کو انتخابات میں صرف 44 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ اصل اپوزیشن کی مسلمہ حیثیت حاصل کرنے کے لئے 543 رکنی ایوان میں کم از کم دس فیصد نشستوں یعنی 55 ارکان پارلیمنٹ کی تعداد ضروری ہے ۔