پریڈ گراؤنڈ پر ریالی سے خطاب کا پروگرام ، قیام تلنگانہ پر اظہار تشکر کیلئے منگل سے جشن فتح جلسے ، جناب محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین مارچ کے پہلے ہفتہ میں حیدرآباد میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے جو علیحدہ ریاست تلنگانہ کے سلسلے میں جلسہ اظہار تشکر کے طور پر منعقد کیا جارہا ہے۔ جناب محمد علی شبیر رکن قانون ساز کونسل نے آج گاندھی بھون میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مارچ کے اوائل میں پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں صدرنشین یو پی اے و صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے علاوہ نائب صدر کانگریس مسٹر راہول گاندھی اور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ و دیگر کو مدعو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی وزراء کمیٹی کے ارکان کو بھی اس جلسہ عام میں مدعو کیا جارہا ہے تاکہ تلنگانہ عوام کی جانب سے ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی جاسکے۔ جناب محمد علی شبیر کے ہمراہ اس موقع پر ریاستی وزیر لیبر مسٹر ڈی ناگیندر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ جناب محمد علی شبیر نے سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کی جانب سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرن کمار ریڈی اب یکا و تنہا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرن کمار ریڈی کو سیما۔آندھرا علاقوں کے قائدین کی بھی حمایت حاصل نہیں ہے۔
مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے ذریعہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کو جو تحفہ دیا ہے، اس کے اظہار تشکر کے طور پر منعقد ہونے والے جلسہ میں تلنگانہ کے تمام اضلاع سے عوام شرکت کرتے ہوئے مسز گاندھی کا شکریہ ادا کریں گے۔ انہوں نے تشکیل تلنگانہ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے قائدین کو ’’غدارانِ تلنگانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے جو وعدہ کیا تھا اس کے مطابق 10 اضلاع پر مشتمل علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنایا ہے۔ مسٹر ڈی ناگیندر نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر کانگریس نے تلنگانہ کی تشکیل کے ذریعہ تلنگانہ عوام کی طویل جدوجہد کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اسی لئے مسز گاندھی سے اظہار تشکر کے سلسلے میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہی اس جلسہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے اعلیٰ قائدین اس جلسہ کے سلسلے میں 2 مارچ کو مسز گاندھی اور دیگر مرکزی قائدین کا وقت حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مسز گاندھی کے پہلے دورہ ٔ حیدرآباد کو یادگار بنانے کا کانگریس کے تلنگانہ قائدین نے فیصلہ کیا ہے۔