سونا کی درآمدات پر تحدیدات کی برخاستگی پر غور کرنے چدمبرم کا تیقن

نئی دہلی۔/18فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج کہا کہ وہ سونا کی درآمد پر عائد تحدیدات برخواست کرنے پر غور کررہے ہیں کیونکہ حکومت کرنٹ اکاونٹ خسارہ کو قابو میں لانا چاہتی ہے۔ جاری مالیاتی سال کا خسارہ 45ارب امریکی ڈالر ہے۔ چدمبرم نے کہا کہ وہ صرف اس مسئلہ کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ جواہرات اورزیورات کی صنعت سونا کی برآمد پر عائد تحدیدات میں نرمی کی خواہشمند ہے اور چاہتی ہے کہ ڈیوٹی میں بھی کمی کی جائے جس کا خاکہ مرکزی وزیر فینانس نے عبوری بجٹ میں پیش کیا ہے۔ صنعت کا کہنا ہے کہ اس طرح کرنٹ اکاؤنٹ کے خسارہ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ چدمبرم نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ موجودہ مالیاتی سال میں نصف ہوکر 45ارب امریکی ڈالر ہوجائے گا جو 2012-13میں 88ارب 20لاکھ ڈالر تھا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گذشتہ مالی سال میں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا تھا کیونکہ سونا کی درآمد میں گزشتہ مالی سال کے دوران اضافہ ہوکر وہ 845 ٹن ہوگئی تھی۔چدمبرم نے کہا کہ ہندوستان 50تا60ارب امریلی ڈالر مالیتی سونے سے زیادہ سونا درآمد کرنے کا متحمل نہیں ہوسکے گا۔