10 سال بعد ماں سے جذباتی ملاقات
بندہ اچے (انڈونیشیا)۔7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) 2004ء کے تباہ کن سونامی میں بہہ جانے والی انڈونیشیا کی ایک لڑکی کا تقریباً ایک دہے بعد اپنے خاندان سے مل گئی۔ لڑکی کی ماں جمالیہ نے کہا کہ ہم ساری اُمید کھوچکے تھے اور طویل عرصہ بعد یہ ملاقات ایک کرشمہ ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ڈسمبر 2004ء کو آئی سونامی میں ان کا گھر ایک بڑی موج کی زد میں آکر بہہ گیا اور ان کی لڑکی جناہ جو اس وقت صرف 4 سال کی تھی، وہ اپنے 7 سالہ بھائی کے ساتھ بہہ گئی تھی۔ جمالیہ نے بتایا کہ ہم اپنے بچوں کے متعلق اُمید کھوچکے تھے لیکن جون میں اُن کے بھائی نے ایک گاؤں میں لڑکی کو اسکول سے گھر جاتے دیکھا جو جناہ سے مماثلت رکھتی ہے۔ تفصیلات معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ سونامی کی وجہ سے لڑکی دُور دراز کے جزیرہ میں پہنچ گئی تھی جہاں ایک ماہی گیر نے اسے بچالیا اور پرورش کی۔وہ گزشتہ جون کو 14 سال کی ہوگئی۔ماں کی اپنی بیٹی سے ملاقات کا منظر انتہائی جذباتی تھا۔