نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا گیا ۔ ان پر اقدام قتل اور گھریلو تشدد کے الزامات ہیں۔ انہیں صبح 4 بجے گرفتار کیا گیا ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس دیپیندرا پاٹھک نے یہ بات بتائی ۔ کل ہی سپریم کورٹ نے انہیں پولیس میں خود سپردگی اختیار کرنے کی ہدایت دی تھی اور ان کی درخواست پیشگی ضمانت پر سماعت سے انکار کردیا تھا ۔ ان پر تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ بعد ازاں ٹرائیل عدالت نے رکن اسمبلی عام آدمی پارٹی کو 2 دن کی پولیس تحویل میں دیدیا ہے ۔ پولیس نے عدالت سے خواہش کی تھی کہ ان سے پوچھ کی ضرورت ہے اس لئے انہیں پولیس کی تحویل میں دیدیا جائے ۔