سوشیل میڈیا کے غلط استعمال سے خواتین کا اِستحصال

حیدرآباد۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) معروف سماجی جہد کار، فاؤنڈر این جی آرگنائزیشن ’’پراجوالا‘‘ و یدھ ویر میموریل ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر سنیتا کرشنن نے کہا کہ ترقی یافتہ دور جدید میں سوشیل میڈیا اور انٹرنیٹ جیسی ٹیکنالوجی کے بے جا استعمال کے نتیجہ میں پیار و محبت، شادی اور دیگر کام کے نام پر کئی معصوم لڑکیاں اور خواتین جنسی ہراسانی اور ظلم و زیادتی کا شکار ہورہی ہیں اور اکثر لڑکیاں اور خواتین جسم فروشی کے مافیا کی جانب سے استحصال کا شکار ہورہی ہیں جس پر قابو پانا ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔ ڈاکٹر کرشنن آج فیاپسی آڈیٹوریم میں یدھ ویر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اپنے اعزاز میں ترتیب دیئے گئے 24 واں یدھ ویر میموریل ایوارڈ فنکشن کے حصول کے بعد مخاطب کررہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج ملک بھر میں آئے دن جنسی ہراسانی اور عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہر 10 منٹ میں ایک لڑکی کسی نہ کسی ظالم کی ہوس کا نشانہ ہورہی ہے۔ اس کے باوجود ہمارے ملک میں اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ایسی لڑکیاں جو سوشیل میڈیا کے استعمال یا کسی کے جھانسہ میں آکر اپنے گھروں سے راہِ فرار اختیار کرکے کئی مسائل سے دوچار ہیں اور وہ بدقسمتی سے جسم فروشی کے مافیا کے چنگل میں ہراسانی اور اذیت رسانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جسم فروشی کے اڈوں پر نہ صرف غریب بلکہ امیر اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں بھی اس کا شکار ہیں جس کو بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب جنسی ہراسانی کی شکار عورتوں کی بازآبادکاری کیلئے حیدرآباد میں ایک سنٹر قائم کیا جائے گا جس کیلئے 2 ایکڑ اراضی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع محبوب نگر میں ’’پراجوال سنٹر‘‘ قائم کیا گیا ہے، لیکن خواتین کو منتقل کرنے تکلیف ہورہی ہے۔ انہوں نے یدھ ویر فاؤنڈیشن کی جانب سے انہیں 24 واں یدھ ویر میموریل ایوارڈ پیش کئے جانے پر یدھ ویر فاؤنڈیشن کے ٹرسٹیز سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے یدھ ویر فاؤنڈیشن کو مشورہ دیا کہ وہ بھی جنسی ہراسانی کی شکار عورتوں کی مدد کریں۔ اس موقع پر چیرمین یدھ ویر فاؤنڈیشن مسٹر نریندر لوتھر نے اپنی صدارتی تقریر میں فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن 1991ء میں قائم کیا گیا اور اس کی جانب سے 1992ء تا 2013ء مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو ایوارڈس پیش کئے گئے اور سال حال 2015ء میں جنسی ہراسانی کی شکار عورتوں کے تحفظ، راحت و بازماموری اور ایڈز سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت میں بہترین کارکردگی پر ڈاکٹر سنیتا کرشنن کو 24 واں یدھ ویر میموریل ایوارڈ عطا کیا گیا۔ انہوں نے ڈاکٹر کرشنن کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کے علاوہ ڈاکٹر بجرنگ لال گپتا، ڈاکٹر پریتم سنگھ موجود تھے۔ قبل ازیں چیرمین فاؤنڈیشن مسٹر نریندر لوتھر کے ہاتھوں ڈاکٹر کرشنن کو ایوارڈ عطا کیا گیا جبکہ ڈاکٹر کرشنن کے ادارہ ’’پراجوالا‘‘ کو ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کا عطیہ دیئے جانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ قبل ازیں وندے ماترم اور اختتام پر قومی ترانہ خان اطہر نے پیش کیا۔ آخر میں ڈاکٹر مرلیدھر گپتا نے شکریہ ادا کیا۔