حیدرآباد ۔ 30 مئی (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا پر غیرمصدقہ خبریں اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سٹی پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے جس میں سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے حبیب نگر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ 27 سالہ ایشور سنگھ عرف اکھی سنگھ ساکن ملے پلی حبیب نگر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعہ ایک غلط افواہ پھیلائی تھی جس میں بتایا گیا کہ افضل ساگر ملے پلی میں بچوں کو اغوا کرنے والی ٹولی موجود ہے۔ اس مواد کو کئی افراد نے شیئر کیا جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے افواہوں سے عوام کا ذہن منتشر ہورہا ہے اور غیرمصدقہ اور بے بنیاد خبروں کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ عام کرنے کے نتیجہ میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو خطرہ پیدا ہورہا ہے۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ پولیس کی جانب سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی مہم شدت سے چلائی جارہی ہے لیکن ایشور سنگھ نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ افواہیں پھیلائی تھی جس کے نتیجہ میں سائبر کرائم پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا اور اسے گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا۔