سوشیل میڈیا پر افواہوں کے خلاف پویس کی شعور بیداری مہم

حیدرآباد ۔ /27 مئی (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا پر پھیلائے جانے والے افواہوں والے وائرل میسیجیس پر بھروسہ نہ کرنے کیلئے پولیس نے شعور بیداری میں شدت پیدا کردی ہے ۔ پولیس عہدیدار اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شعور بیداری پروگرام کے ذریعہ عوام کو افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کررہے ہیں ۔ پرانے شہر میں بھوانی نگر پولیس کی جانب سے اس قسم کا شعوربیداری پروگرام کیا گیا جس میں عوام کے گروپس کو وائرل میسیجیس پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی گئی ۔ انسپکٹر بھوانی نگر مسٹر وائی ناگیشور راؤ نے اپنے پولیس اسٹیشن اسٹاف کے ساتھ شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جس میں کئی افراد سے انہوں نے تبادلہ خیال کیا ۔ مسٹر راؤ نے کہا کہ چند عناصر عوام میں بے چینی پیدا کرنے کیلئے بے بنیاد اور غلط میسیجیس گشت کرارہے ہیں اور پولیس ان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کسی بھی مشتبہ شخص کو اپنے علاقے میں پائے جانے پر پولیس کنٹرول روم یا متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوں ۔