سوشل نٹ ورکنگ سائیٹس پر گستاخانہ خاکے‘پولیس میں شکایت

حیدرآباد 19 جنوری ( سیاست نیوز ) سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ پر گستاخانہ خاکوں پر مبنی پوسٹنگ کے نتیجہ میں میر چوک پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس تحفظ ختم نبوت کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی جس میں یہ بتایا کہ ’ محمد اشتیاق ‘ نامی آئی ڈی سے فیس بُک پر گستاخانہ خاکہ پوسٹ کیا گیا جس میں گستاخانہ باتیں ہیں اور عظیم المرتبت ہستیوں کی اہانت کی گئی ہے ۔ تنظیم کے رکن محمد زاہد نے اپنی درخواست میں بتایا کہ فیس بُک پر گستاخانہ پوسٹنگ کرنے والے افراد کے مقام نشاندہی کراچی ،لاہور کے علاوہ اسرائیلی ایر فورس بتایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس شر انگیز حرکت سے امت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور دونوں فرقوں کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت پیدا ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہے ۔ گستاخانہ پوسٹنگ کے ذریعہ مسلمانوں کے خلاف سائبر جنگ چلائے جانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ میر چوک پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مسٹر وی یادگیری ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 295 اور 66A,67 انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔