سوشل نٹ ورکنگ سائٹس کے غلط استعمال کیخلاف انتباہ

بالخصوص نوجوانوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے سافٹ ویر سسٹم کا حصول: سائبرآباد پولیس

حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہمیشہ آگے رہنے والی سائبرآباد پولیس نے ایک اور قدم آگے بڑھایا ہے اور 4 ملین ویب سائیٹ کی نقل و حرکت کی جانچ کے سسٹم کو حاصل کرلیا ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند نے بتائی۔ انھوں نے کہاکہ داعش کے مواد سے راغب ہونے والے نوجوانوں پر سخت نظر رکھی جارہی ہے اور سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹ فیس بُک، ٹوئٹر، واٹس اپ و دیگر سائٹس پر قریب سے نظر رکھی جارہی ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ان ویب سائٹس کے ذریعہ کون کیا مواد حاصل کررہا ہے اور کس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور کونسی ویب سائٹ پر کتنا وقت صرف کررہا ہے اور اپنا کیا ردعمل ظاہر کررہا ہے یہ تمام سرگرمیاں اس سافٹ ویر سسٹم کے ذریعہ اب پولیس کی نظر سے گزریں گی۔ انھوں نے حالیہ گرفتار تین نوجوانوں کے تعلق سے کہاکہ سابق میں کونسلنگ کی گئی تھی۔ باوجود اس کے وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔ اب جبکہ مرکز سے احکامات حاصل ہوچکے ہیں، پولیس نے مزید چوکسی اختیار کرلی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہر دن 24 گھنٹے پولیس ایسے معاملات میں چوکس رہتی ہے اور اب نئے سافٹ ویر سسٹم کے ذریعہ تمام 4 ملین ویب سائٹس و سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس کو مربوط کردیا جائے گا۔ اسلامک اسٹیٹ جیسے دہشت گرد تنظیموں اور دیگر دہشت گرد ممنوعہ اداروں سے راغب ہونے والے اور ان کے مواد کو استعمال کرنے والوں پر سخت نظر رکھی جائے گی اور پولیس کسی بھی وقت ان افراد کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے۔ تاہم ایسے افراد جو فی الحال داعش سے متاثر ہیں اور ان کے ویب سائٹس کے ذریعہ ربط میں ہیں ان کی تعداد بتانے سے کمشنر نے گریز کیا اور کہاکہ سکیوریٹی اور چوکسی کے پیش نظر پولیس اس بات کا خلاصہ نہیں کرسکتی۔ انھوں نے بتایا کہ واٹس اپ کے ذریعہ ہونے والے تبادلہ کا بھی پولیس پتہ چلا سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہر نقل و حرکت پر سافٹ ویر انھیں چوکس کرے گا اور پولیس ضروری کارروائی کام انجام دے گی۔