عوام ایک معزز معاشرہ میں اپنے پاکیزہ نظریات پیش کریں ، وزیراعظم کا مشورہ
نئی دہلی ۔29 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر گندگی پھیلانے کے لئے استعمال نہ کریں بلکہ اس پلیٹ فارم کو اس معزز معاشرہ میں پاکیزہ خیالات کو اُجاگر کرنے کیلئے استعمال کریں ۔ وارانسی سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی ورکرس اور والینٹرس سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہر ایک شخص کو ازخود یہ تربیت دینی چاہئے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کا گندگی پھیلانے کیلئے استعمال ہرگز نہ کریں گے بلکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعہ دیگر کئی اچھی چیزوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہاکہ عوام اس وقت اپنے اختیارات کا حد سے زیادہ استعمال کررہے ہیں ۔ یہ لوگ کچھ غلط چیزیں سنتے اور دیکھتے ہیں اور اسی کو آگے بڑھارہے ہیں ۔ ان لوگوں کو علم نہیں ہوتا کہ اس سے سماج کو کتنا نقصان ہورہا ہے ۔ بعض افراد ایسے الفاظ کا استعمال کرتے ہیں جو کسی بھی معزز معاشرہ کے شایان شان نہیں ہے ۔ یہ لوگ خواتین کے تعلق سے کچھ بھی کہتے اور لکھتے ہیں ۔ یہ مسئلہ میری سیاسی پارٹی یا نظریہ کا نہیں ہے بلکہ یہ مسئلہ 125 کروڑ ہندوستانیوں سے تعلق رکھتا ہے ۔اس لئے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ اپنے طورپر مہذب معاشرہ میں زندگی گذارنے کے طور طریقے سیکھے اور گندگی پھیلانے سے گریز کرتے ہوئے اچھی چیزوں کو اُجاگر کرے۔ صاف صفائی کے پراجکٹس کے ساتھ ساتھ ذہنی صفائی بھی ضروری ہے ۔ گندی زبان کا استعمال یا سوشل میڈیا پر گالی گلوج کرنا اکثر اختلافات کو اُبھارتا ہے ۔ سیاسی پارٹیوں کے اندر اختلافِ رائے پائے جاتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اوچھی حرکتوں پر اُتر آئیں۔ بعض سیاسی پارٹیاں بی جے پی کی مخالفت میں اتنا آگے نکل جارہی ہیں کہ وہ من مانی بیانات دے رہے ہیں۔ انھوں نے پارٹی کے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کے نظریات پھیلانے والوں کا جواب نہ دیں۔ بی جے پی پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اُس کے کارکن ہی سوشل میڈیا کے ذریعہ گندگی پھیلارہے ہیں جبکہ بی جے پی ہمیشہ اس الزام کو مسترد کرتی آئی ہے ۔ پارٹی ورکرس سے بات چیت کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ہندوستان کا چہرہ بدل رہا ہے اور یہ ملک اب غیرمعمولی طورپر پیشرفت کررہا ہے ۔