حملہ آور دہشت گرد یا سارق ،تحقیقات کا مطالبہ : کے جاناریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جاناریڈی نے سوریہ پیٹ فائرنگ واقعہ کی مذمت کی۔ حکومت ناکام ہوجانے کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ پولیس کی دلیری کی ستائش کی۔ حملہ آور چور تھے یا دہشت گرد اس کی تحقیقات کرنے کا پولیس کو مشورہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران قاتلوں سے نمٹنے کے معاملے میں حکومت ناکام ہوجانے کے سوال سے اتفاق نہ کرنے کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کے جاناریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کا یہ مطلب نہیں ہیکہ ہر معاملے میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔ تین دن پہلے جو واقعہ پیش آیا تھا پولیس اور حکومت قاتلوں کے تعاقب میں تھی جس کا ثبوت یہ ہیکہ پولیس نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دو قاتلوں کو ہلاک کردیا ہے۔ فائرنگ اور جوابی فائرنگ میں ایک پولیس کانسٹیبل ناگراجو ہلاک ہوگیا اور ایک سرکل انسپکٹر اور ایک سب انسپکٹر شدید زخمی ہوکر ہاسپٹل میں موت اور زندگی کی کشمکش میں ہیں۔ کانگریس پارٹی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے کانسٹیبل کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت کرتی ہے اور زخمی پولیس آفیسر کے جلد از جلد صحتیاب ہوجانے کی امید کرتی ہے۔ انہوں نے لاء اینڈ آرڈر کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس ملازمین کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے کی حکومت اور پولیس سے اپیل کی۔