سوریہ نمسکار سے اجتناب کا مشورہ سنی علماء بورڈکا بیان

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( راست ) : مولانا سید حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ و مولانا مفتی محمد کاظم حسین ، مولانا مفتی عبدالواسع نے اپنے مشترکہ بیان میں یوگا ڈے 21 جون کو ہندوستان بھر میں منانے کا جو بی جے پی کی سرپرستی میں پروگرام بنایا گیا ہے ۔ ہم اس پروگرام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سوریہ نمسکار ہو یا وندے ماترم مسلمانوں کے دینی احساس سے ٹکراتا ہے ۔ مسلمان صرف توحید پرست واقع ہوا ہے ۔ وہ سورج ، چاند ، زمین و آسمان اور ستاروں کی عبادت نہیں کرتا بلکہ اللہ تعالیٰ جو خالق اور مالک ہے اس کی عنایت کا شکریہ ادا کرتا ہے جو مخلوق کے لیے بہترین نفع بخش ہے ۔ ہم تمام مسلمانوں اور خصوصاً مسلم مینجمنٹ مدارس کے ذمہ داروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ معصوم بچوں کو اس بے جا تحریک سے دور رکھیں اور اپنے اپنے مدارس میں کوئی اہتمام نہ کریں یہی عمل ملت اسلامیہ کی عظمت کی بحالی کا باعث ہوگا ۔۔