سورت کے ایمبرائیڈری یونٹ میں دھماکہ‘30زخمی

ایل پی جی سیلنڈر یا ٹرانسفارمر سے دھماکہ کاشبہ‘10کی حالت تشویشناک
سورت۔12مئی( سیاست ڈاٹکام ) گجرات میں شہرسورت کے پانڈیسارا علاقہ کے ایک کشیدہ کاری و کارجوبی یونٹ میں طاقتور دھماکہ کے نتیجہ میں کم سے کم 30افراد زخمی ہوگئے‘ جن میں 10کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے کہا کہ پانڈیسارا کی اُمیہ صنعتی سوسائٹی کے ایک ایمبرائیڈری یونٹ کے گودام میں رکھے ہوئے ٹرانسفارمر یاایل پی جی گیس سیلنڈر سے اخراج کے سبب یہ دھماکہ ہوا ہے ۔ فائربریگیڈ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’ ہمیں اس یونٹ میں برقی شارٹ سرکٹ اور اس کے بعد دھماکہ کی اطلاع موصول ہوئی تھی‘30افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ اکثر افراد جھلسنے سے زخمی ہوئے ہیں دیگر چند ملبہ کے ٹکڑے گرنے سے زخمی ہوئے ہیں ۔ ہنوز ہم دھماکہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ دھماکہ کی خبر ملتے ہی سورت فائر بریگیڈ کے عہدیدار ‘ میونسپل کمشنر ایم کے داس کیساتھ مقام واقعہ پر پہنچ گئے۔ دھماکہ اور مابعد بھڑک اٹھنے والی آگ سے زخمی ہونے والوں میں دو خواتین اور 12بچے بھی شامل ہیں ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ’’ زخمیوں میں اکثر اس ایمبرائیڈری یونٹ کے ورکرس ہیں۔ دھماکہ اس حد تک طاقتور تھا کہ گودام کے دونوں جانب کی دیواریں منہدم ہوگئیں‘‘ ۔ تمام زخمیوں کو بغرض علاج سورت سیول ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ 10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔