سورت ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مختلف ذاتوں اور طبقات کی کم از کم 251 یتیم بچیوں کی اجتماعی شادی تقریب سوانی چیتنیا ودیا سنکول شہر کے علاقہ موٹاورچھا میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا اہتمام فلاحی تنظیم نے کیا تھا جس کے ارکان مختلف کاروباروں میں مصروف ہیں۔ یہ مسلسل چھٹا سال ہے جبکہ فلاحی تنظیم اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کررہی ہے۔ مووالیا خاندان نے 251 دلہنوں میں سے 108 لڑکیوں کا کنیادان کیا۔ ہر دلہن کی شادی پر یہ فلاحی گروپ 5 لاکھ روپئے خرچ کرتا ہے۔ دلہنوں میں ایک عیسائی اور 5 مسلم دلہنیں شامل تھیں۔ دلہنوں کا تعلق ہندوؤں کی 31 مختلف ذاتوں سے تھا۔ مسلم لڑکیوں کی شادی کی گئی جبکہ ہندو اور عیسائی لڑکیوں کی متعلقہ رسومات ادا کی گئیں۔ شادی میں سماجی کارکن، مصنف اور مذہبی رہنما شریک تھے۔ منتظمین نے کہا کہ انہوں نے آئندہ دو سال کا پروگرام بھی طئے کر رکھا ہے۔ قبل ازیں شہر میں اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں کئی یتیم لڑکیوں کی شادی انجام پائی۔