نئی دہلی۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سورت ایرپورٹ کے منیجر کا آسام تبادلہ کردیا گیا جہاں ایک رن وے پر طیارہ سے بھینس ٹکرا گئی تھی۔ یہ تبادلہ تحقیقات پر اثرانداز ہونے سے روکنے کیلئے کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد میں ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت نے آج لوک سبھا میں یہ اطلاع دی۔ وزیر شہری ہوا بازی مسٹر اشوک گجپتی راجو نے بتایا کہ سال 2011 سے نومبر 2014ء تک ملک بھر میں جملہ 66 واقعات ایسے ہوئے جس میں ہوائی حادثات ہوتے ہوتے بچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایرپورٹ منیجر کو لیلاباری ایرپورٹ آسام تبادلہ کردیا گیا۔ تاہم انہوں نے اس تجویز سے اختلاف کیا کہ یہ تقرر بطور سزاء کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ سورت ایرپورٹ کی حصاربندی گذشتہ ماہ کروائی گئی تھی لیکن دیوار کے ایک سوراخ سے بھینس اندر داخل ہوگئی اور رن وے پر اسپائس جٹ فلائیٹ سے ٹکرا گئی جس میں 140 مسافر سوار تھے۔ یہ واقعہ طیارہ کے اڑان بھرتے وقت پیش آیا تھا۔