واشنگٹن 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک یونیورسٹی نے اپنے ایک ہندوستانی طالب علم کو اُس کی رہائش گاہ کے بلیٹن بورڈ پر سواستک کا نشان لگانے کی پاداش میں یونیورسٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم یونیورسٹی کے اس فیصلہ کے خلاف کئی ہندو گروپس میدان میں آگئے اور زبردست احتجاج کیا جس کے بعد یونیورسٹی کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔ ہندو امریکن فاؤنڈیشن (HAF) نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی (GWU) کی جانب سے طالب علم کو معطل کئے جانے کے فیصلہ پر نظرثانی کرنے پر یونیورسٹی حکام سے اظہار تشکر کیا۔ ایچ اے ایف کے اسوسی ایٹ ڈائرکٹر برائے پبلک پالیسی ہرش ویروگنٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کے اس فیصلہ سے اُن حقائق پر روشنی پڑتی ہے جسے منظر عام پر لانے کیلئے ہندو تنظیموں نے انتھک کوششیں کیں۔