حیدرآباد 13 فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میںسوائین فلو وائرس سے مزید تین افراد فوت ہوگئے ہیں اور مزید 23 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری سے 12 فبروری تک 2,938 افراد کے طبی معائنے کئے گئے جن میں 969 افراد اس مرض سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اس وائرس اورا س کی پیچیدگیوں سے اب تک فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 45 ہوگئی ہے ۔ بلیٹن کے بموجب کل تک 42 افراد اس مرض کی وجہ سے فوت ہوئے تھے اور کل مزید تین افراد کے فوت ہونے سے یہ تعداد 45 ہوگئی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چھ دن کے دوران اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہریوں سے تاہم احتیاطی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھنے کو کہا گیا ہے ۔ حکومت نے ادعا کیا ہے کہ ریاست بھر میں تمام دواخانوں میں اس وائرس سے نمٹنے کیلئے درکار ادویات کا وافر ذخیرہ بھی موجود ہے ۔