ویک ینڈ کے دوران نمائش کے اوقات میں توسیع ، سوسائٹی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( ایجنسیز ) : سوائن فلو کے خوف اور تعطیلات کے پیش نظر نمائش سوسائٹی نے ، جو 75 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا نمائش میدان نامپلی حیدرآباد پر اہتمام کررہی ہے ۔ ویک ینڈس ( ہفتہ اور اتوار کو ) کے دوران وزیٹرس کو دوپہر 12 بجے سے نمائش میں داخلہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے نمائش شام 4 بجے کھلا کرتی تھی اور رات 11 بجے تک جاری رہتی تھی ۔ نمائش سوسائٹی کے سکریٹری پی نروتم ریڈی نے کہا کہ ’’ اب ہم نے ہفتہ اور اتوار کو وزیٹرس کو نمائش میں 12 بجے دن تا رات 11 بجے داخلہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘ ۔ نروتم ریڈی نے کہا کہ سوائن فلو کیسیس کے پیش نظر نمائش میں ہر پندرہ منٹ سے اعلانات کرتے ہوئے اس سے محفوظ رہنے کے لیے کئے جانے والے احتیاطی تدابیر کے بارے میں عوام کو بتایا جارہا ہے ۔ نمائش آرگنائزرس کے مطابق عام دنوں میں اوسطاً 25 ہزار وزیٹرس نمائش آتے ہیں جب کہ ویک ینڈس کے دوران وزیٹرس کی تعداد دوگنی ہوجاتی ہے ۔ 18 جنوری ( اتوار ) کو تقریبا 55 ہزار وزیٹرس نمائش کو آئے لیکن عام دنوں میں اس تعداد میں کمی دیکھی گئی ۔ سوائن فلو کے باعث نمائش آنے والوں کی تعداد معمولی سے کم دیکھی گئی اور اس کا اثر معمولی رہا ہے تاہم اتوار کو تقریبا 40 ہزار وزیٹرس شام 5 بجے تک نمائش میدان پہونچ گئے تھے ۔ نمائش سوسائٹی کے سکریٹری نے کہا کہ فی الوقت نمائش میں توسیع کرنے کی تجویز نہیں ہے ۔ اس کے لیے مانگ کئے جانے پر نمائش کو 15 فبروری سے زیادہ دنوں کے لیے توسیع کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔۔