متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی کا ادعا ۔ ڈائرکٹر نمس ڈاکٹر نریندر ناتھ کا بیان
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) ڈائرکٹر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ڈاکٹر این نریندر ناتھ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں تیزی کے ساتھ پھیلنے والے ’ سوائن فلو وائرس ‘ فی الوقت قابو میں ہے اور وائرس سے نمٹنے ادویات کی کمی نہیں ہے بلکہ ہر جگہ مناسب مقدار میں ادویات ہیں ۔ سوائن فلو وائرس کے پھیلنے کے اندیشوں کے تحت ہر روز اعلی سطحی جائزہ اجلاس طلب کر کے سوائن فلو وائرس کا تدارک کرنے اور اس مرض سے نمٹنے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے فی الوقت پازیٹیوں کیسیس میں کافی کمی ہوئی ہے ۔ اس طرح گذشتہ ایک عرصہ سے اب تک جملہ 1050 سوائن فلو وائرس سے متاثرہ اشخاص کے نمونے لئے گئے جن کے منجملہ 350 پازیٹیو رپورٹس حاصل ہوئی ہیں اور یکم جنوری سے آج تک جملہ 13 اموات سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی ہوئی ہیں ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نریندر ناتھ نے بتایا کہ حکومت سوائن فلو وائرس کا خاتمہ کرنے سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور قبل از وقت احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے ہر سطح پر یکطرفہ متعلقہ عہدیداروں اور دوسری طرف عوام کو بھی چوکس و چوکنا کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ بالخصوص اس وائرس کو روکنے صفائی پر توجہ دینے عوام سے اپیل کی جارہی ہے اور سوائن فلو وائرس کی جو علامات بتائی جارہی ہیں ان علامات کا شکار افراد کو چاہیئے کہ وہ اپنے قریبی منڈل یا ایریا ہاسپٹلس یا شہر میں رہنے والے تمام اہم دواخانوں عثمانیہ ‘ گاندھی ‘ فیور ہاسپٹل سے رجوع ہوکر ٹسٹ کروالیں تاکہ حقیقت کا اظہار ہوسکے ۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے سوائن فلو وائرس کا تدارک کرنے حکومت کے اقدامات میں تعاون کی عوام سے اپیل کی ۔