سوائن فلو سے 40 مزید اموات ، متاثرہ افراد کی تعداد 11,071 ہوگئی

نئی دہلی۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک گیر سطح پر مزید 40 اموات سوائن فلو کی وباء سے واقع ہوئیں ، اس طرح جملہ ہلاکتوں کی تعداد 703 ہوگئی۔ جبکہ ملک گیر سطح پر اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 11,071 ہوگئی۔ اُن ریاستوں میں جہاں سوائن فلو ابھی تک نہیں پھیلا تھا ، بشمول میزورم یہ وباء پھیل گئی ہے۔ عہدیداروں کا ادعا ہے کہ دواؤں سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ سوائن فلو کی دوائیں وافر مقدار میں ہسپتالوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ کابینی معتمد نے پرزور اندا ز میں کہا کہ ریاستوں کو چاہئے کہ وباء پر نگرانی کے شعبے قائم کریں اور چوبیس گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ لائنس قائم کریں۔ ڈرگ کنٹرولرس کو ضروری ادویہ جیسے گولیاں ، کیپسولس اور ٹیکوں کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہئے۔ ٹیکہ اندازی اور علاج کے طریقوں کے بارے میں رہنمایانہ خطوط جاری کرنا چاہئے۔ مرکزی وزارتِ صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ہدایت دی ہے کہ دواؤں کی قلت پیدا ہونے نہ دی جائے اور مریضوں کو دوائیں فراہم کی جائیں۔

سوائن فلو سے اموات میں اضافہ پر
کانگریس کی تنقید
نئی دہلی۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج حکومت کو سوائن فلو سے ہونے والی اموات میں اضافہ پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پورے صفحہ کے اشتہارات ووٹ حاصل کرنے دیئے گئے تھے لیکن سوائن فلو کے بارے میں عوام کا شعور بیدار کرنے کیلئے حکومت کے پاس پیسہ نہیں ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری اجئے ماکن نے اپنے ٹوئٹر پر یہ تنقیدی بیان شائع کیا ہے۔ انہوں نے مودی کے سوٹ کے نیلام پر بھی تنقید کی۔