سوائن فلو سے ہلاکتوں کی تعداد 1198 ہوگئی

نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سوائن فلو سے ملک گیر سطح پر ہلاکتوں کی تعداد آج 1198 ہوگئی جبکہ 40 نئی اموات کی اطلاع ملی۔ ملک گیر سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ وزارت صحت کے بموجب مختلف ریاستوں میں اموات کی تعداد 3 مارچ تک 1198 اور متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 240 ہوگئی تھی۔ آج کی اطلاعات کے بموجب گجرات میں ہلاکتوں کی تعداد 292 ہے جبکہ 4904 افراد مرض سے متاثر ہیں۔

مدھیہ پردیش میں 168 اموات اور 1131 متاثر، مہاراشٹرا میں 170 اموات اور 2005 متاثر، تلنگانہ میں 59 فوت اور پنجاب میں 47 اموات، دہلی میں 10 اموات واقع ہوئی ہیں۔ مزید 10 افراد کے متاثر ہونے کی خبر کے بعد جملہ متاثرہ افراد کی تعداد دہلی میں 3 ہزار 220 ہوچکی ہے۔ 2 مارچ تک ریاست کرناٹک میں 51 اور یو پی میں 16 افراد فوت ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد 689 ہے۔ ہریانہ میں 74 اور آندھراپردیش میں 14، جموں و کشمیر میں 10 اموت کی اطلاع ملی ہے۔

ایک 41 سالہ شخص کوئمبتور کے سرکاری ہاسپٹل میں سوائن فلو سے جانبر نہ ہوسکا۔ اس طرح ٹاملناڈو میں 3 دن میں 3 افراد فوت ہوگئے۔ راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے وزیرصحت جے پی نڈا نے کہا کہ ان کی وزارت کے اعداد و شمار کے بموجب یکم ؍ جنوری تا 26 فبروری گجرات کے شہروں احمدآباد میں 52 ، کَچھ میں 12 اور سورت میں 29 اموات واقع ہوئی ہیں۔ راجستھان کے شہر جئے پور سے 51، اجمیر، ناگور اور جودھپور میں علی الترتیب 29، 23 اور 28 اموات کی اطلاع ہے۔ راجستھان میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ کافی تعداد میں دوائیں فراہم کی گئی ہیں۔ کوئی نئی دوا موجودہ ادویہ کے علاوہ تجویز نہیں کی جارہی ہے۔ حکومت بار بار کہہ چکی ہیکہ وہ سوائن فلو کے چیلنج سے نمٹنے کے بارے میں بہت سنجیدہ ہے۔ عوام کو دہشت زدہ نہیں ہونا چاہئے، صرف چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔