16 ہزار سے زیادہ افراد متاثر
نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سوائن فلو سے مزید 51 افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاکتوں کی جملہ تعداد 926 ہوگئی۔ وزارت صحت نے کل اعداد و شمار جاری کئے ہیں جس کے بموجب 875 افراد اس بیماری سے ہلاک اور 5413 افراد متاثر ہوگئے ہیں۔اعظم ترین تعداد راجستھان کی ہے جس کے بعد گجرات ، مہاراشٹرا اور دہلی کا علی الترتیب مقام ہے۔ گجرات میں 231 ہلاک، 3527 متاثر ، مدھیہ پردیش میں 127 ہلاک اور 716 متاثر، مہاراشٹرا میں 112 ہلاک اور 1221 متاثر ہیں۔ تلنگانہ میں 54 ، کرناٹک میں 39 اور پنجاب میں 38 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ دہلی میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 2456 ہوچکی ہے۔ حکومت نے شدید اقدامات کا تیقن دیا ہے۔
اراضی قانون کے بارے میں اچھی تجاویز کو قبول کرنے حکومت آمادہ : گڈکری
نئی دہلی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حصول اراضی قانون کی مخالفت پر حکومت نے آج کہا کہ وہ اچھی تجاویز قبول کرنے کے سلسلہ میں کھلا ذہن رکھتی ہے اور کاشتکار حامی و غریب حامی نئے اقدامات پر غور کرنے کیلئے تیار ہے۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و شوارع نتن گڈکری نے جو حکومت کے کلیدی ثالث ہیں، اپوزیشن پارٹیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ دوہرے معیار اپنا رہی ہیں اور کہا کہ تقریباً ہر ریاستی حکومت ان ہی کی جانب سے چلائی جارہی ہے جن میں کانگریس بھی شامل ہے۔ کانگریس نے مرکز کو اراضی قانون کی دفعات کے خلاف مکتوب روانہ کئے تھے جو یو پی اے حکومت نے متعارف کروایا تھا۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔