سوائن فلو سے مزید 3 اموات، حکومت کے اقدامات ناکافی

گاندھی ہاسپٹل میں خصوصی وارڈ کا اضافہ، ادویات کی قلت نہیں : ڈائرکٹر نمس
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تیزی سے پھیل رہے سوائن فلو کی روک تھام کے لئے حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ اس کے باوجود متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ آج مزید تین افراد کی سوائن فلو کے باعث موت واقع ہوگئی۔ اِس طرح اب تک اِس وباء سے مرنے والوںکی تعداد 25 تک پہونچ گئی ہے۔ آج سکریٹریٹ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائرکٹر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ڈاکٹر این نریندر ناتھ نے بتایا کہ ماہ جنوری میں اب تک سوائن فلو سے جملہ 16 اموات ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 1156 متاثرہ افراد کے طبی معائنے کئے گئے اور اِن میں 414 کی رپورٹ مثبت رہی۔ اِن مریضوں کا خصوصی طور پر علاج کیا گیا۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے بتایا کہ راجستھان، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں بھی سوائن فلو سے متاثرہ افراد کے طبی نمونے جانچ کے لئے حیدرآباد لائے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت سوائن فلو سے نمٹنے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے اور محکمہ صحت و طبابت کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو کے لئے ایک اور علیحدہ وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ یہاں نوڈل آفیسر کو تعینات کیا گیا اور مریضوں کی مؤثر طبی نگہداشت یقینی بنائی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں فی الوقت سوائن فلو سے متاثرہ 35 افراد زیرعلاج ہیں۔ مزید 36 افراد کے اِس وباء سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔ ڈائرکٹر نمس نے کہاکہ ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے اور تمام بڑے دواخانوں میں وافر مقدار میں ادویات دستیاب ہیں۔ اُنھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ حفظان صحت کا خیال رکھیں اور اِس وباء سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ صحت کی جانب سے اِس ضمن میں بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔