سوائن فلو سے مزید دو اموات عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ

حیدرآباد۔2فبروری ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں سوائن فلو وائرس کو پھیلنے سے روکنے سخت اقدامات کرنے حکومت کے ادعا کے باوجود آج شہر میں واقع گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو وائرس سے متاثرہ مزید دو افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ اس طرح یکم جنوری تا یکم فبروری سوائن فلو وائرس سے جملہ 31اموات ہوئی ہیں ۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یکم جنوری تا یکم فبروری جملہ سوائن فلو وائرس سے متاثرہ 1854 افراد سے خون کے نمونے حاصل کئے گئے جن کے منجملہ 629 نمونوں کے مثبت رپورٹس ( پازیٹیو) حاصل ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ یکم فبروری کو جملہ 118 متاثرین کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے جن کے منجملہ 35نمونوں کے مثبت رپورٹس حاصل ہوئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ آج گاندھی ہاسپٹل میں جن دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے ایک کا تعلق کیسراضلع رنگاریڈی اور دوسرے کا تعلق ضلع اننت پور سے ہے ۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت نے کہا کہ تمام دواخانوں کو سوائن فلو وائرس سے متاثر افراد کے دواخانہ پہنچنے پر فوری طور پر ان کا طبی معائنہ کروانے اور مناسب طبی امداد بہم پہنچانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ جو افراد پازیٹیو رپورٹس رکھتے ہیں انہیں فوری طور پر شریک دواخانہ کرنے کے بعد موثر طبی امداد بہم پہنچانے کیلئے ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ہومیو پیتھی میڈیسن بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔