سوائن فلو سے فوت ہونے والوں کی تعداد 812اور13ہزار افراد متاثر

نئی دہلی ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) خنزیروں سے پھیلنے والی وباء سوائن فلو سے ملک بھر میں مزید 38 افراد فوت ہوگئے جس کے ساتھ ہی اس خوفناک وباء سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 800 تک پہونچ گئی اور وباء سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13,000 سے متجاوز ہوگئی ہے ۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد 812 تک پہونچ گئی ہے ۔ 13,688 افراد متاثر پائے گئے ہیں ۔ راجستھان میں آج مزید سات افراد ایچ آئی این آئی وائرس (سوائن فلو) سے فوت ہوگئے جس کے ساتھ ہی اس ریاست میں اس وباء سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 212 تک پہونچ گئی جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس صحرائی ریاست میں 4318 مریض سوائن فلو سے متاثر پائے گئے ۔ جموں و کشمیر میں بھی سوائن فلو سے آج مزید ایک مریض کے فوت ہوجانے کے بعد اس ریاست میں وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد پانچ تک پہونچ گئی۔ جنوبی ہند کی ریاست تلنگانہ میں اس وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہونچ گئی ہے ۔