حیدرآباد۔28ستمبر ( سیاست نیوز) خنزیروں سے پھیلنے والی متعدی وباء سوائن فلو سے متاثر مزید ایک مریض آج یہاں گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا جس کے ساتھ ہی اگست سے 28ستمبر تک اس وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی ۔ علاوہ ازیں 10نئے متاثرین کی شناخت بھی ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عنبرپیٹ کے ساکن 17سالہ مریض آج فوت ہوا ۔ یکم اگست تا 27ستمبر 767 نمونوں کے معائنے کئے گئے جن کے منجملہ 121نمونے مثبت پائے گئے ۔ سوائن فلو اور اس سے متعلقہ امراض کے سبب 28ستمبر تک چھ اموات کی توثیق کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں میں سوائن فلو کے تدارک کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں اور وافر مقدار میں ادویات دستیاب ہیں ۔ متعدی وباؤں کے انسداد کا ادارہ حتی کہ خانگی دواخانوں میں زیر علاج مریضووں کے مفت معائنے کررہا ہے ۔محکمہ صحت و طبابت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔