سوائن فلو سے دو خواتین متاثر

وباء پر قابو پانے کیلئے کل جماعتی اجلاس کے انعقاد پر کانگریس کا زور
حیدرآباد /2 جنوری ( سیاست نیوز ) سوائن فلو سے مزید دو خواتین متاثر ہوئی ہیں ۔ان میں سے ایک کا تعلق تلنگانہ اور دوسری کا آندھراپردیش سے ہے ۔ دونوں ریاستوں میں 2014 کے دوران سوائن فلوکے 88 کیس درج کئے گئے ۔ یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اس سے اب تک 10 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ نے وائرس پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ۔ سوائن فلو کے مسئلہ پر غور و خوص کیلئے بہت جلد کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس مسئلہ پر فوری قدم اٹھائیں ۔ اسمبلی احاطہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس ایم ایل سی ، ایم ایس پربھاکر نے دعوی کیا کہ سوائن فلو کے باعث اب تک 10 افراد فوت ہوئے ہیں اور یہ مرض دیگر سیکڑوں افراد کو متاثر کر رہا ہے ۔ ریاستی حکومت کو اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرنی چاہئے ۔ حکومت نے ڈائرکٹر ہیلت و خاندانی بہبود ڈاکٹر پی سامبا سیوا راؤ کے ذریعہ ایک گمراہ کن بیان جاری کرتے ہوئے سوائن فلو پر قابو پانے اور اس وباء کو تشویشناک نہ ہونے کا اظہار کیا گیا ہے ۔ حکومت عام آدمیوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات کے درمیان حکومت کو الزام و جوابی الزامات کا کھیل نہیں کھیلنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ خانگی ڈاکٹرس عوام کے اندر خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں اور سوائن فلو کے بہانے پیشہ طب کو بدنام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ ریاستی حکومت حقیقت کو قبول کرنے تیار نہیں ہے ۔ سوائن فلو سے 10 افراد کی موت کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔ اس مسئلہ پر غور و خوص کیلئے چیف منسٹر کو بہت جلد کل جماعتی اجلاس طلب کرنا چاہئے ۔