حیدرآباد /26 جنوری (ذریعہ فیکس) مولانا محمد مبشر احمد رضوی القادری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوائن فلو (خنازیری بخاری) ایک مہلک مرض ہے، جس سے متاثر ہوکر اب تک کئی افراد فوت ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دوا کے ساتھ دعا میں بھی کافی اثر ہے، لہذا حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے بلا اور وباء کے دفعہ کے لئے تیربہدف دعائیں تعلیم فرمائی ہیں، جنھیں پڑھ کر دَم کرنے سے انشاء اللہ تعالیٰ دنیا کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جب کوئی مریض آتا تو آپﷺ اس دعا کو پڑھ کر مریضوں پر دَم فرمایا کرتے۔ اس دعا کو حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی پڑھا اور فیض پایا، لہذا آپ بھی اس دعا کو پڑھ کر نفع حاصل کرسکتے ہیں۔ دعا یہ ہے: ’’اَللّٰھُمَّ رَبَّ النَّاسِ مُذْھِبَ الْبَاْسِ اِشْفِ اَنْتَ الشَّافِیْ لَاشَافِیْ اِلَّا اَنْتَ شِفَائً لَّایُغَادِرْ سُقْمًا‘‘ (بخاری شریف، جلد دوم، صفحہ۸۵۵) اسی طرح کی ایک دُعا ترمذی شریف میں بھی درج ہے۔ دعا یہ ہے: ’’بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِیْ لَایَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْئٌ فِی الْاَرْضِ وَلَافِی السَّمَآئِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْم‘‘۔ یہ دعا تین مرتبہ پڑھیں۔ اعلیٰ حضرت مولانا احمد رضا خاں فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ وباء کے ایام میں ایک بکرا خریدکر لائیں اور اس کے سیدھے کان میں سورۂ یسین شریف اور بائیں کان میں سورۂ مزمل شریف پڑھ کر پھونکیں اور پھر اُس کو ذبح کرکے غرباء میں تقسیم کردیں۔ علاوہ ازیں آیاتِ شفاء اور درود شفاء کا ورد رکھیں، انشاء اللہ تعالیٰ امن و امان میں رہیں گے۔ (الملفوظ)