سوائن فلو سے ایک اور موت، بحیثیت مجموعی صورتحال قابو میں

حیدرآباد۔/28جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں سوائن فلو وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کمی واقع ہورہی ہے اور اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے موثر و مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں، اس کے باوجود سوائن فلو سے آج ایک اور شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس طرح ماہ جنوری کے آغاز سے اب تک شہر حیدرآباد میں سوائن فلو متاثرین کے اموات کی تعداد 17تک پہنچ چکی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں اموات کی جملہ تعداد 27ہوگئی ہے۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائرکٹر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ڈاکٹر این نریندر ناتھ نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت و طبابت مکمل چوکسی اختیار کرکے سوائن فلو وائرس کے تدارک کیلئے اپنی ممکنہ کوشش میں مصروف ہے۔

ہر سطح پر جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو وائیرس سے شدید متاثرہ افراد کو بھی ڈاکٹرس کسی پس و پیش کے بغیر طبی امداد بہم پہنچارہے ہیں۔ اس وائرس پرقابو پانے کیلئے ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے اور سوائن فلو وائرس کا ٹسٹ کرنے کیلئے درکار کٹس مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے واضح طور پر کہا کہ سردی جتنی کم ہوگی اتنی ہی تیزی کے ساتھ سوائن فلو وائرس کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوگی۔ ہنگامی نوعیت میں 104 سرویس کو موصول ہونے والے فون کالس کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دن تک جملہ 141 سوائن فلو وائرس کے متاثرین کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے جن کے منجملہ 50 نمونوں کے پازیٹیو رپورٹس حاصل ہوئی ہیں اور آج بھی جملہ 107 نمونے حاصل کرکے ٹسٹ کیلئے روانہ کئے گئے جن میں 22نمونوں کی پازیٹو رپورٹس حاصل ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کہا کہ تشویش کی بات نہیں ہے اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تمام تر احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔