حیدرآباد۔/7جنوری، ( این ایس ایس ) وبائی امراض جیسے سوائن فلو وغیرہ کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پرنسپال سکریٹری ہیلت ڈپارٹمنٹ نوین چندرا نے کہا کہ حفظان صحت اور صفائی کا خاص خیال کرتے ہوئے ان وبائی امراض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوائن فلو کے واقعات تشویشناک نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2014ء میں 865 واقعات درج کئے گئے تھے جن میں 16کی سوائن فلو سے موت واقع ہوئی تھی، ان میں 11تلنگانہ اور 5آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں میں سوائن فلو کی علامتیں ظاہر ہوں انہیں دوسروں سے میل ملاپ سے احتیاط کرنا چاہیئے، وہ اپنے ہاتھ زیادہ تر دھوتے رہیں اس کے علاوہ ماسک کا استعمال کریں۔ انہیں چاہیئے کہ خود کو دوسروں سے الگ تھلگ رکھیں اور ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔ نوین چندرا نے بتایا کہ سوائن فلو ماحول کی وجہ سے ہوتا ہے اور بیرونی علاقوں سے یہ وبائی مرض یہاں نہیں پھیلتا۔ انہوں نے گزشتہ چند سال کے دوران پیش آئے سوائن فلو کے واقعات کے اعداد و شمار پیش کئے۔