عوام میں تشویش کی لہر ‘دواخانوں میں طویل قطاریں ‘صورتحال پر قابو پانے حکومت کے اقدامات
حیدرآباد 29 جنوری (این ایس ایس )سوائن فلو سے آج گاندھی ہاسپٹل میں ایک خاتون اور ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ عثمانیہ ہاسپٹل میں 15 جونیر ڈاکٹرس اس وباء سے متاثر پائے گئے۔ مہلک وبائی مرض H1N1 سے متاثرہ ان جونیر ڈاکٹرس کا علاج جاری ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کا خوف عوام میں ہنوز برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گاندھی ہاسپٹل میں اس وقت 58 مریضوں کا جو سوائن فلو سے متاثر ہیں ‘ علاج کیا جارہا ہے۔ ان میں 10 بچے ہیں۔ اسی طرح عثمانیہ ہاسپٹل میں 29 اور فیور ہاسپٹل میں 40 مریض زیر علاج ہیں۔ دو ماہ یعنی ڈسمبر اور جنوری میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہوگئی ہیں اور صرف ماہ جنوری میں 19 افراد اس فلو کا شکار ہوئے۔ تمام ہاسپٹلس میں طبی عملہ چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں اور اس وباء پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور ہاسپٹلس میں طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ کئی مریض اس وقت سوائن فلو کی علامات کے ساتھ ہاسپٹلس سے رجوع ہورہے ہیں جب ابتدائی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خانگی کلینکس میں علاج کروایا لیکن صحت بہتر نہیں ہوپائی۔ اس طرح فلو کا اثر جب بہت زیادہ ہوجاتا ہے تب یہ مریض سرکاری ہاسپٹلس سے رجوع ہورہے ہیں۔ ریاستی انتظامیہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور سرکاری دواخانوں میں ادویات و ٹیکوں کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ایسے وقت جبکہ ڈاکٹرس بھی سوائن فلو سے متاثر ہورہے ہیں عوام اور بالخصوص میڈیکل اسٹاف میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے بلیٹن میں بتایا کہ کل تک جملہ 1398 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور 509کی رپورٹ مثبت رہی۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔