جنیوا 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سوئیٹزر لینڈ کے دوسرے علاقہ میں علاقائی سطح پر برقعہ پر امتناع کے حق میں مقامی عوام نے رائے دہی ہے ۔ اتوار کو سنٹ گالین میں مقامی عوام کی کثیر تعداد نے عوامی مقامات پر برقعہ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ علاوہ ازیں سارے سوئیٹزر لینڈ میں رائے دہندوں نے ایسی پہل کو بھی مسترد کردیا ہے جس میں غذائی پیداوار کیلئے مقامی فارمنگ اور مزید روایتی و ماحولیاتی معیارات کی وکالت کی گئی تھی ۔ رائے دہندوں کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے سے نہ صرف قیمتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ صارفین کیلئے مواقع بھی محدود ہوجائیں گے ۔ سرکاری نتائج کے مطابق سوئیٹزر لینڈ کے دوسرے علاقہ سنٹ گالین کینٹن میں رائے دہندوں کی تقریبا 67 فیصد تعداد نے برقعہ پر امتناع کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا ہے ۔ اس علاقہ میں جملہ 36 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سوئیٹزر لینڈ کے جنوبی علاقہ ٹسیکو میں بھی برقعہ پر امتناع عائد کردیا گیا تھا ۔یہاں دو سال قبل یہ امتناع عائد کیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں ملک کے مزید تین علاقوں زیورچ ‘ سولوتھرن اور گلاروس میں اس طرح کے امتناع کی تجاویز کو مسترد کردیا گیا تھا ۔ یہاں حالیہ برسوں میں برقعہ پر امتناع عائد کرنے کی کچھ گوشوں کی جانب سے مسلسل وکالت کی جا رہی تھی ۔ استصواب عامہ کے مطابق جو کوئی عوامی مقامات پر اپنے چہرے کو مکمل چھپائے اور ناقابل شناخت حد تک اس کی پردہ پوشی کی جائے جس سے سماجی اور عوامی سکیوریٹی کو خطرہ درپیش ہو تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔