نئی دہلی 5 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )سوئیٹزر لینڈ ‘ برطانیہ اور اسپین کی حکومتوں نے کالے دھن کے کسی بھی اکاؤنٹ کی تفصیلات نہیں فراہم کی ہیں۔ وزیر داخلہ ارون جیٹلی نے آج یہ بات کہی ۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریر ی جواب دیتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ سوئیٹزر لینڈ ‘ برطانیہ یا پھر اسپین کی جانب سے کالے دھن کے اکاؤنٹ کی کوئی بھی تفصیلات پیش نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا جن ممالک کے ساتھ ٹیکس معاہدہ ہے انہوں نے کچھ مخصوص معاملات میں حکومت ہند کی درخواست پر درکار اطلاعات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن کی مالیت کے تعلق سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں ۔ یہ کالا دھن چاہے بیرون ملک ہو یا اندرون ملک ہو اس کی جملہ مالیت کا حکومت کا پتہ نہیں ہے اور اس سلسلہ میں حکومت تین اداروں کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ سال 2012 کے دوران بیرون ملک بھیجے جانے والے کالے دھن سے متعلق سوال پر جیٹلی نے کہا کہ گلوبل فینانشیل انٹیگریٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ 6 لاکھ کروڑ تھی ۔ کالے دھن کی جملہ مالیت کے تعلق سے متضاد دعوے پائے جاتے ہیں۔