نیہہ لتا ساہنی وسنگیتا ساہنی کی تفصیلات کے افشا سے گریز ‘ مختلف ممالک کے کھاتے داروں کے نام نوٹسیں
برنے ( سوئیٹزرلینڈ ) 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سوئیز بینکس میں کھاتے رکھنے والے آج بے شمار بیرونی شہریوں کے ناموں کا انکشاف کردیا گیا جن میں دو ہندوستانی خواتین کے نام بھی شامل ہیں۔ سوئیٹزر لینڈ میں حکومت نے ان ناکاموں کا آج اپنے سرکاری گزٹ میں اعلان کردیا جن کے خلاف اپنے اپنے ممالک میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سوئیز فیڈرل ٹیکس اڈمنسٹریشن ( ایف ٹی اے ) نے ان ناموں کا اعلان کرتے ہوئے دو ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ اندرون 30 دن وفاقی انتظامی عدالت میں اپیل دائر کریں اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کی تفصیلات کو ہندوستانی حکام کو فراہم نہ کیا جائے ۔ تاہم دو ہندوستانی شہریوں سنیہہ لتا ساہنی اور سنگیتا ساہنی نامی دو ہندوستانی خواتین کی تاریخ پیدائش کے علاوہ دیگر تفصیلات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے ۔ اسی طرز عمل کے ساتھ دوسرے بیرونی شہریوں جیسے برطانوی ‘ اسپینی و روسی شہریوں کے ناموں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے ۔ تاہم امریکی اور اسرائیلی شہریوں کے معاملہ میں ان کے مکمل نام روک دئے گئے ہیں اور ان کی شناخت صرف ان کے نام کے ابتدائی حرف اور تاریخ پیدائش کے ساتھ جاری کی گئی ہے ۔ سوئیز فیڈرل گزٹ میں اس طرح کے کم از کم 40 قطعی نوٹسیں شائع کی گئی ہیں ۔ امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید چند ناموں کا بھی انکشاف ہوسکتا ہے ۔ ہندوستان میں ہندوستانی شہریوں کی جانب سے خطیر رقومات سوئیز بینکوں میں رکھے جانے کے معاملہ پر زبردست مباحث ہوئے تھے ۔ ہندوستان کی حکومت سوئیز حکام کے ساتھ ایک طویل وقت سے مراسلت میں مصروف ہے کہ مشتبہ ٹیکس چوری کرنے والوں سے متعلق اطلاعات فراہم کی جائیں۔ سوئیٹزر لینڈ نے ہندوستانی موکلین کی جانب سے ٹیکس چوری کے معاملات میں آزادانہ ثبوت کی فراہمی پر کچھ تفصیلات فراہم کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایف ٹی اے ترجمان کو ای میل روانہ کرتے ہوئے کچھ سوالات کئے گئے تھے تاہم ان کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ تاہم یہ نام سوئیز فیڈرل گزٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ دو ہندوستانیوں اور کئی دوسروں کو یہ قطعی نوٹسیں 12 مئی کو جاری کی گئیں جبکہ کچھ دوسرے افراد کو 19 مئی اور 5 مئی کو نوٹسیں جاری کی گئیں۔ نوٹسوں کے مطابق متعلقہ افراد اندرون ایک ماہ وفاقی انتظامی عدالت کے سامنے وجوہات اور ان کی تائید میں ثبوت کے ساتھ اپیلیں دائر کرسکتے ہیں۔ ان نوٹسوں کے ذریعہ سوئیز ایف ٹی اے کی جانب سے متعلقہ افراد کو قانونی موقف اختیار کرلینے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ یہ ایسے افراد ہیں جن کے تعلق سے بیرونی حکومتیں اطلاعات طلب کر رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ سوئیز حکام کو کئی ممالک سے مسلسل یہ درخواستیں مل رہی ہیں کہ ان کے شہری جو سوئیز بینکوں میں اکاؤنٹس رکھتے ہیں ان کے تعلق سے اطلاعات اور مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ جن ناموں کا انکشاف ہوگا ان میں کئی معروف شخصیتیں بھی شامل ہوسکتی ہیں۔ رپورٹس کے بموجب یہ نام انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہوسکتے ہیں۔ سوئیٹزرلینڈ نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس کی پارلیمنٹ بہت جلد اپنے قوانین میں ترمیم پر غور کریگی تاکہ سوئیز بینک اکاؤنٹس کے سرقہ کردہ ڈاٹا کی بنیاد پر ہونے والی تحقیقات میں تعاون کیلئے اطلاعات فراہم کی جائیں۔